جنرل (ر) پرویز مشرف کی نیویارک آمد پہ جوتا بردار احتجاجی مظاہرہ کا اعلان
نوید مشرف کا جنرل (ر) پرویز مشرف کے اعزاز میں شکاگو میں استقبالیہ, مخالفین کا مشرف کے خلاف احتجاجی مظاہرہ
شکاگو (خالد حمید خان)جنرل (ر) پرویز مشرف صدارتی سے مستعفی ہونے کے بعد پہلی بار امریکہ شکاگو اپنے چھوٹے بھائی ڈاکٹر سید نوید مشرف کے پاس پہنچے جہاں ان کے ساتھ دو دن قیام کیا۔ڈاکٹر نوید مشرف نے جنرل (ر) پرویز مشرف کے اعزاز میں اتوار کو شکاگو میں استقبالیہ دیا جس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات شریک ہوئیں تاہم جس ہوٹل میں جنرل (ر) مشرف کے اعزاز میں استقبالیہ دیا جا رہا تھا اسی ہوٹل کے سامنے مسلم لیگ (ن) شکاگو اور کولیشن آف پاکستانی آرگنائزیشن کے زیر اہتمام ان کے خلاف احتجاجی مظاہرہ بھی ہوا۔سابق صدر لیکچر سیریز کے تحت امریکہ آئے ہیں ۔اس دورے میں وہ امریکہ کے مختلف اہم اداروں میں لیکچرز دینگے جن میں وہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ ، پاکستان کے کردار سمیت مختلف امور پہ اپنا نکتہ نظر پیش کریں گے۔اس سلسلے میں وہ مشی گن، کیلی فورنیا، فلاڈیلفیا اور نیویارک کا دورہ کریں گے۔اس دورے میں ان کی اہم امریکی شخصیات سے نجی ملاقاتیں بھی ہونگی۔شکاگو کے استقبالیہ سے خطاب کے دوران جنرل (ر) پرویز مشرف نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری حکومت ہے۔ اسے اپنا وقت پورا کرنا چاہئیے ۔اپوزیشن کو برداشت سے کام لینا چاہئیے ۔جہاں تک حکومت کی کارکردگی کا تعلق ہے توسابق صدر نے کہا کہ اس کا فیصلہ عوام کریں اور میڈیا کہ جس کو اب آزادی حاصل ہے ۔انڈیا کے بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بھارت کو ہمیشہ باور کرویا کہ مسلہ کشمیر سمیت باہمی مسائل حل کرکے پائیدار امن قائم کیا جائے ۔ مسائل کے حل کےلئے بھارت کو متعقدد فارمولے بھی دئیے لیکن افسوس کہ بھارتی قیادت نے ان مواقع سے فائدہ نہ اٹھایا۔سابق صدر نے کہا کہ بھارت کا دھمکی آمیز روئیہ غلط ہے۔ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے ۔اگر اس نے کوئی اقدام اٹھایاتو پاکستان کی پیشہ ور مسلح افواج چوڑیاں پہنے نہیں بیٹھی ، وہ بھارت کو سبق سکھا دے گی۔جنرل (ر) مشرف نے بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی راءکے کردار کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔ این آر او کے بارے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ماضی کے بنائے ہوئے مقدمات تھے ۔ان میں کوئی بات ثابت نہیں ہو سکی ۔ملک میں افہام و تفہیم کا ایک دور لانے کےلئے اجتماعی فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے میں ، سب شامل تھے ۔محترمہ بے نظیر بھٹو قتل کیس کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس کیس کی ہم نے اور سکاٹ لینڈ یارڈ نے بھی تحقیقات کی تھی اور اشارے بیت اللہ محصود کی جانب تھے ۔
سابق صدر مشرف کی شکاگو آمد کے موقع پہ مسلم لیگ (ن) شکاگو اورکولیشن آف پاکستانی امریکنز نے ان کے خلاف ہوٹل کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
سابق صدر پرویز مشرف کی شکاگو میں مصروفیات کے دوران ان کے ساتھ ان کی پرائیویٹ اور مقامی سیکورٹی بھی نظر آئی۔بتایا گیا ہے کہ ان کی سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ۔
شکاگو میں پاکستان کے قونصل جنرل ڈاکٹر عمان رشید بھی جنرل (ر) پرویز مشرف کے اعزاز میں دئیے گئے استقبالیہ میں شریک ہوئے ۔
نیویارک میں فریڈم فورم اور تحریک انصاف امریکہ کی عاصمی باجوہ نے جنرل (ر) پرویز مشرف کی نیویارک آمد پہ جوتا بردار احتجاجی مظاہرہ کا اعلان کیا ہے ۔