لاہور (ندائے وقت ) احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم زرداری کے گناہوں کو معاف نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مذاکرات دوسری طرف ہارس ٹریڈنگ کی جا رہی ہے، ہم نے ملک کے چوروں کو نانی یاد دلا دی۔ رحمن ملک جھوٹوں کے آئی جی، وٹو قوم تمہارا چٹو بنا دے گی، زرداری صاحب قوم سے مذاق چھوڑ دیں۔ زرداری صاحب آج آئیں اور عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھ لیں، زرداری نے گورنر ہاﺅس میں مویشیوں کی منڈی لگا رکھی ہے۔ میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ 16 کروڑ عوام زرداری کو معاف نہیں کریں گے، نواز شریف کی پیٹھ میں خنجر گھونپا، زرداری نے نواز شریف کو بڑا بھائی کہا اور پھر پی سی او ججوں سے نااہل کروا دیا۔ انہوں نے کہا روٹی کپڑا اور مکان کا نعرہ تو پیپلز پارٹی کے بڑوں کا تھا لیکن نواز شریف نے اِس پر عمل کیا۔ قومی خزانے سے 50 کروڑ نکلوا کر ہارس ٹریڈنگ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیوروکریسی نے زیادتی کی تو جان لیں ہم لحاظ نہیں کریں گے، اُن کا وہ حال کیا جائے گا جو کالے چوروں کا ہوتا ہے۔ ہمارا آخر قصور کیا تھا، ہم نے پنجاب میں غاصبوں سے زمین چھین کر غریبوں کو دی، کیا غریب بیواﺅں کو چھت فراہم کرنا ہمارا قصور ہے۔ حکومت نے غفلت کر کے کھلاڑیوں کو زخمی اور پولیس والوں کو شہید کروا دیا۔ قوم کا لانگ مارچ اور زرداری کا کوئیک مارچ ہو گا، انصاف کے لئے ہمارا خاندان کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا، زرداری نے سنیٹر وقار، رحمن ملک، آئی جی پنجاب اور گورنر کے ذریعے ہارس ٹریڈنگ کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ نواز شریف کی ایک آواز پر کروڑوں عوام لبیک کہیں گے۔