زرداری قرآن شریف پر وعدہ کرکے مکر گئے
بھٹو کو پھانسی دلانے والے آج زرداری کے ساتھ ہیں
لاہور (ندائے وقت ) مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ امید کی کرن نظر آرہی ہے۔ اب لمبا انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ پاکستان کے صدر کا حال دیکھیں وعدے پورا نے کرتے۔ لاہور میں گورنر راج اور نااہلی کیخلاف مسلم لیگ (ن) کی احتجاجی ریلی اور جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا قرآن شریف پر وعدے کرنے والے اپنے وعدوں سے مکر گئے۔ آج کا جلسہ اسلام آباد پہنچ کر فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔ میں نے زرداری صاحب سے قوم کی خوشحالی مانگی تھی۔ پاکستانی روز جیتے ہیں اور روز مرتے ہیں۔ میں بھی اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پنجاب کا دو مرتبہ وزیراعلیٰ رہا لیکن جتنا شہبازشریف نے عوام کیلئے کام کیا، دن رات ایک کردیا، میں اعتراف کرتا ہوں کہ میں بھی نہ کرسکا۔ کیا صدر زرداری کو یہ پسند نہیں آیا۔ جعلی ججوں کیخلاف آج کا جلسہ عوامی ریفرنڈم ہے۔ میں نے زرداری سے کوئی عہدہ نہیں مانگا، وزارتیں اور مشاورتیں نہیں مانگیں۔ زرداری صاحب کے مجبور کرنے پر کابینہ کا حصہ بنے۔ ملک میں مسائل ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ پاکستان کے عوام روز جیتے اور روز مرتے ہیں۔ آپ جانتے ہیں کہ احمد رضا قصوری کون ہے؟ یہ وہی شخص ہے جس کی ایف آئی آر پر ذوالفقارعلی بھٹو کو پھانسی ہوئی۔ یہی احمد رضا قصوری میرے اور شہبازشریف کیخلاف وکیل پیش ہوا۔ سابق وزیراعظم نے کہا ذوالفقار علی بھٹو اور میرے خلاف فیصلہ، دونوں ہی قانون کے مطابق نہیں۔ زرداری صاحب کہتے ہیں کہ مجھے اس فیصلہ کا پتہ نہیں تھا، ججوں نے فیصلہ کردیا۔ پاکستان میں کوئی بھی اس بات پر یقین کرنے کو تیار نہیں۔ پاکستانی قوم نوازشریف اور شہبازشریف کو دوبارہ لے کر آئے گی لیکن ہم آپ کے ساتھ چالاکیاں نہیں کریں گے نہ ہی دھوکہ دیں گے۔ زرداری صاحب ہم آپ کے ساتھ بدسلوکی نہیں کریں گے جو آپ نے ہمارے ساتھ کی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا پیپلز پارٹی صدر زرداری کے فیصلوں کے حق میں نہیں، زرداری صاحب فیصلے کرتے وقت پارٹی سے مشورہ کر لیا کریں ، زرداری صاحب نے میرے ساتھ نہیں عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ہے اس لئے بھٹو اور بینظیر کی روحیں بھی ان باتوں سے تڑپتی ہوں گی ۔ زرداری صاحب نے کہا بھٹو کا فیصلہ قانون کے مطابق ٹھیک تھا ہم قوم کی خاطر جینا اور مرنا جانتے ہیں ، بھارت کی جانب سے ہر روز دھمکیاں مل رہی ہیں ۔ زرداری نے جعلی ججوں کے ساتھ مل کر میرے خلاف سازش کی ،پاکستان 1998ءمیں پہلی مرتبہ ایٹمی طاقت بنا ، ہندوستان کا وزیر اعظم خود چل کر پاکستان آیا میں بھارت نہیں گیا بلکہ بھارتی وزیر اعظم خود لاہور چل کر آیا پاکستان کو آج جہنم بنا دیا گیا ہے یہاں اضطراب اور بے سکونی ہے ۔کیا ہمارا مقدر ہے کہ مفلسی کی حالت میں زنذگی گزاریں، ہم جس کو ووٹ دیں اس کو پھانسی دے دو ،اس کو جلا وطن کر دو، مسلم لیگ (ن) کے قائد نے کہا ہاں میںآج کے حالات کے خلاف علم بغاوت بلند کرتا ہوں، عوام کی تقدیر بدلنے کا وعدہ اور عزم کرتا ہوں جمہوریت کے خلاف سازش کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کیا قوم کے پاس پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لئے چند دن ہیں ، اگر ہیں تو پھر لانگ مارچ کے میں شرکت کرنا ہو گی،وہاں میرے ساتھ پہنچنا ہو گا ، پاکستان کی تقدیر اب سڑکوں پر بدلے گی ، پاکستان کے لئے نوازشریف اپنا تن من قربان کرنے کو تیار ہے پاکستان کی تقدیر بدلنے کے لئے چند روز ہیں ان کی آپ کو قربانی دینا ہو گی ، لانگ مارچ کرنا ہو گا اور اسلام آباد پہنچنا ہو گا ، ہمارے ساتھ مل کر ملک میں انقلاب برپا کریں۔