|
|||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
| ..:: Hot News: | |||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
|
لاس ویگس میں برقی مصنوعات کا عالمی میلہ Tuesday, 01.13.2009, 03:26pm (GMT) اس سال امریکی شہر لاس ویگس میں عام صارفین کے استعمال میں آنے والے نئی برقی مصنوعات کا بین الاقوامی میلہ منعقد ہوا جس میں دنیا بھرسے برقی آلات تیار کرنے والی کمپنیوں نے اپنی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کیں۔ اگرچہ دنیا کے اکثر ممالک کسادبازاری کی لپیٹ میں ہیں اور امریکی معیشت اپنی کئی عشروں کی تاریخ کے بدترین اقتصادی اور مالیاتی بحران سے گذر رہی ہے لیکن لاس ویگس میں 2009ءکی برقی مصنوعات کے بین الاقوامی میلے میں شرکت کرنے والی کمپنیوں کو توقع ہے کہ وہ صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں گے۔ س8 -11 جنوری تک جاری رہنے والے اس بین الاقوامی میلے میں زیادہ تر ایسی جدید ترین ہائی ٹیک مصنوعات رکھی گئیں تھیں جو نسبتاً کم قیمت تھیں۔ اس نمائش میں 2700 سے زیادہ برقی مصنوعات پیش کی گئیں۔ تاہم اس سال نمائش دیکھنے کے لیے آنے والوں کی تعداد پچھلے سال کی نسبت کم رہی۔اس صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے انٹرنیشنل کنزیومر الیکٹرانک شو کی ترجمان تارا دونین کا کہنا تھا کہ مالیاتی بحران کا مطلب یہ ہے کہ لوگ اپنا زیادہ سے زیادہ وقت گھر پر گذاریں گےاور انہیں اپنے گھر پر تفریح فراہم کرنے والی مصنوعات کی پہلے سے زیادہ ضرورت پڑے گی۔چنانچہ ہمیں اس سال تفریحی مصنوعات کی فروخت میں اضافےکی توقع ہے۔ مائیکروسافٹ کے چیف ایکزیکٹو سٹیو بلمر کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک مصنوعات تیار کرنے والی تمام کمپنیاں موجودہ معاشی حالات میں اگرچہ سرمایہ کاری کے بارے میں محتاط رویہ اپنائے ہوئے ہیں لیکن نئی مصنوعات بن رہی ہیں اور ان کے لیے مزید سرمایہ کاری کی ضرورت ہے۔ ڈیل کمپنی نے اپنے دیگرکمپیوٹرز کے ساتھ ساتھ ایک جدید ترین انتہائی ہلکا پھلکا لیپ ٹاپ 'ایڈینو' نمائش کے لیے رکھا جس کے بارے میں کمپنی کا خیال ہے کہ وہ اپیل کے جدید ترین لیپ ٹاپ کا بخوبی مقابلہ کرسکتا ہے۔ ہائی ڈیفی نیشن ٹیلی ویژن کی نئی نسل بھی اس نمائش میں موجود تھی۔ شارپ کا ایل سی ڈی ٹیلی ویژن جس کے اندر بلوُ رے پلیئر بھی نصب تھا، لوگوں کی توجہ کا مرکز رہا۔آرجی اے کے ایچ ڈی ٹیلی ویژن کا نمایاں پہلو اس میں تھری ڈی کی اضافی خصوصیات تھیں۔سونی نے نمائش میں ایک ایسا ٹیلی ویژن پیش کیا جس کے بارے میں اس کا کہنا تھا کہ اس کی سکرین ماحول دوست ہے۔ ایل جی کمپنی نے کلائی کی گھڑی کی طرز کا ایک موبائل فون نمائش کے لیے پیش کیا جس میں انٹرنیٹ اور کیمرے کی سہولت بھی موجود تھی۔ اس فون کے ذریعے دوطرفہ ویڈیو کال کی جاسکتی ہے۔کمپنی کے ترجمان کے مطابق اس فون کو موجودہ سال کے دوران فروخت کے لیے پیش کردیا جائے گا ۔ نمائش میں رکھی جانے والی ایک اور دلچسپ چیز 'پاور میٹ' تھی۔ اس کے ذریعے آپ اپنے برقی آلات کو کسی چارجر سے جوڑے بغیر باآسانی ری چارج کرسکیں گے۔صرف اس چیز کو 'پاور میٹ' کے اوپر رکھنا ہوگا۔ آئی روبوٹ کمپنی نے گھر کی صفائی کے لیے ایک نئے روبوٹ کی نمائش کی جو قالین، ٹائل اور لکڑی کے فرش کو کسی مدد کے بغیرازخود صفائی کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور وہ کونوں کدمورں سے بھی کوڑا نکال کرانہیں صاف کردیتا ہے۔ ہوپیچ کارپوریشن نے اپنا ایک نیا آلہ نمائش کے لیے پیش کیا جس کے ذریعے کمپیوٹر پرلائیو ٹیلی ویژن پروگرام دیکھنااوران کی ریکارڈنگ آسان ہوجائے گی اور پھر انہیں اپنی سہولت کے مطابق دیکھا جاسکے گا۔کمپنی نے اپنے اس آلے کو ڈیجٹل ٹیلی ویژن کی جانب ایک نمایاں پیش رفت قراردیا۔
|
|
|||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||
|
|||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||||