واشنگٹن (خالد حمید خان) امریکہ کے سبک دوش ہونے والے صدر جارج بُش نے پیر کے روز متعدد عالمی لیڈروں کے ساتھ فون پر بات کی اور اپنے آٹھ سالہ دورِ صدارت میں اُن کے تعاون اور دوستی کا شکریہ ادا کیا۔
مسٹر بُش نے اپنی صدار ت کے آخری دن جارجیا کے صدر ساکاش وِلی، روسی وزیرِ اعظم ولاڈی میر پوتن ، جنوبی کوریا کے صدر لی میونگ باک، ڈنمارک کے وزیرِ اعظم اینڈرس فَو راس میسن اور اٹلی کے وزیرِ اعظم سِلویو برلس کونی سے بات کی۔ انہوں نے میکسکو کے سابق صدر فاکس، جاپان کے وزیرِ اعظم تارو آسو اور برطانیہ کے وزیرِ اعظم گورڈن براؤ ن سے بھی گفتگو کی۔
وائٹ ہاؤس کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ صدر بُش نے عالمی لیڈروں کو بتایا کہ انہوں نے اُن کے ساتھ کام کرنے کا لطف اُٹھایا ہے اور کہا کہ انہوں نے اُن کے اور اُن کی اہلیہ لارا کے لیے جس مہمان نوازی کا مظاہرہ کیا وہ اُس لیے شکر گزار ہیں۔
مسٹر بُش کے جانشین نومنتخب صدر بارک اوباما منگل کے روز اپنے منصب کا حلف اُٹھائیں گے۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد مسٹر بُش اور اُن کی اہلیہ ایوانِ کانگریس سے اور پھر واشنگٹن ڈی سی سے رخصت ہوجائیں گے۔